اردو
Sorah Al-Mursalat ( Those sent forth )
Verses Number 50
ہواؤں کی قسم جو نرم نرم چلتی ہیں
پھر زور پکڑ کر جھکڑ ہو جاتی ہیں
اور (بادلوں کو) پھاڑ کر پھیلا دیتی ہیں
پھر ان کو پھاڑ کر جدا جدا کر دیتی ہیں
پھر فرشتوں کی قسم جو وحی لاتے ہیں
تاکہ عذر (رفع) کردیا جائے یا ڈر سنا دیا جائے
کہ جس بات کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے وہ ہو کر رہے گی
جب تاروں کی چمک جاتی رہے
اور جب آسمان پھٹ جائے
اور جب پہاڑ اُڑے اُڑے پھریں
اور جب پیغمبر فراہم کئے جائیں
بھلا (ان امور میں) تاخیر کس دن کے لئے کی گئی؟
فیصلے کے دن کے لئے
اور تمہیں کیا خبر کہ فیصلے کا دن کیا ہے؟
اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی ہے
کیا ہم نے پہلے لوگوں کو ہلاک نہیں کر ڈالا
پھر ان پچھلوں کو بھی ان کے پیچھے بھیج دیتے ہیں
ہم گنہگاروں کے ساتھ ایسا ہی کیا کرتے ہیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
کیا ہم نے تم کو حقیر پانی سے نہیں پیدا کیا؟
اس کو ایک محفوظ جگہ میں رکھا
ایک وقت معین تک
پھر اندازہ مقرر کیا اور ہم کیا ہی خوب اندازہ مقرر کرنے والے ہیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
کیا ہم نے زمین کو سمیٹنے والی نہیں بنایا
یعنی) زندوں اور مردوں کو
(بنایا) اور اس پر اونچے اونچے پہاڑ رکھ دیئے اور تم لوگوں کو میٹھا پانی پلایا
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
جس چیز کو تم جھٹلایا کرتے تھے۔ (اب) اس کی طرف چلو
(یعنی) اس سائے کی طرف چلو جس کی تین شاخیں ہیں
نہ ٹھنڈی چھاؤں اور نہ لپٹ سے بچاؤ
اس سے (آگ کی اتنی اتنی بڑی) چنگاریاں اُڑتی ہیں جیسے محل
گویا زرد رنگ کے اونٹ ہیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
یہ وہ دن ہے کہ( لوگ) لب تک نہ ہلا سکیں گے
اور نہ ان کو اجازت دی جائے گی کہ عذر کرسکیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
یہی فیصلے کا دن ہے (جس میں) ہم نے تم کو اور پہلے لوگوں کو جمع کیا ہے
اگر تم کو کوئی داؤں آتا ہو تو مجھ سے کر لو
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
بےشک پرہیزگار سایوں اور چشموں میں ہوں گے
اور میؤوں میں جو ان کو مرغوب ہوں
اور جو عمل تم کرتے رہے تھے ان کے بدلے میں مزے سے کھاؤ اور پیو
ہم نیکو کاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہوگی
(اے جھٹلانے والو!) تم کسی قدر کھا لو اور فائدے اُٹھا لو تم بےشک گنہگار ہو
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ (خدا کے آگے) جھکو تو جھکتے نہیں
اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے
اب اس کے بعد یہ کون سی بات پر ایمان لائیں گے؟